شہباز شریف کی اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کوفوری فعال کرنے کی ہدایت

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو شہریوں کے لیے آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ہے۔

 

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Back to top button