دھونی کی چنئی سپر کنگز نے آئی پی ایل کا ٹائٹل جیت لیا

چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر پانچویں مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کا ٹائٹل جیت لیا۔نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں آئی پی ایل سیزن 16 کا فائنل شیڈولڈ تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے میچ پیر کو کھیلے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم پیر کو کھیلے گئے فائنل میں ایم ایس دھونی کی چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ آئی پی ایل ٹرافی اٹھالی۔
215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارش ایک بار پھر بیچ میں آگئی، یوں میچ ڈی ایل ایس میتھڈ پر چلا گیا اور پھر چنئی سپر کنگز کو 15 اوورز میں 171 رنز کا ہدف ملا۔چنئی نے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کی، ڈیون کونوے نے 25 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ راہانے نے 13 گیندوں پر 27 اور شیوم دوبے نے 21 گیندوں پر 32 رنز اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔
میچ آخری اوور میں جاکر سنسنی خیز ہوگیا، چنئی کو 2 گیندوں پر 10 رنز درکار تھے تاہم رویندرا جڈیجا نے پہلے چھکا اور پھر چوکا مار کر جیت گجرات ٹائٹنز کے جبڑوں سے چھین لی۔انہوں نے 6 گیندوں پر ناقابل شکست 15 رنز بنائے۔یوں چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔دھونی کی کپتانی میں چنئی نے پانچویں مرتبہ آئی پی ایل کی ٹرافی اٹھائی۔
