سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کوشکست

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائیشیا نےپاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی۔
پاکستان کی ٹیم 54ویں منٹ تک 1-2 کی برتری حاصل کرنے کے باوجود آخری 6 منٹ میں ملائیشیا کی جانب سے 2 گولز کے باعث میچ ہار گئی۔
میزبان ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں تاہم دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں ملائیشیا کے ناونیش پانیکر نے گول کرکے میزبان ٹیم کو برتری دلادی۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے تیسرے کوارٹر میں شاندار واپسی کی اور عدیل نے 36ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا اور پھر 43ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔
ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم میچ کے آخری کوارٹر میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کررہی تھی کہ 51ویں منٹ میں رانا ولید کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا جس کے باعث پاکستان کو باقی میچ ایک کھلاڑی کی کمی کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
ملائیشیا نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 55ویں منٹ میں محمد صالح کے گول کی بدولت مقابلہ 2-1 سے برابر کردیا، جبکہ 57ویں منٹ میں ناونیش پانیکر نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے میزبان ٹیم کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری دلادی۔
