تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیراعظم کو برطرف کر دیا

تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیراعظم پائی تونگ تران شینا وترا کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ یہ فیصلہ اُن کی کمبوڈین رہنما ہن سین کے ساتھ مبینہ طور پر لیک ہونے والی فون کال کے بعد سامنے آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ برطرف وزیر اعظم شینا وترا نے بطور سربراہِ حکومت اخلاقی معیارات کی پاسداری نہیں کی اور ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ جون میں کمبوڈین رہنما سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شینا وترا نے ایسا طرزِ عمل اختیار کیا جو ان کے منصب کے شایانِ شان نہیں تھا۔
عدالت کے مطابق لیک آڈیو میں شینا وترا کو ہن سین کو "انکل” کہہ کر مخاطب کرتے جب کہ سرحدی تنازع کے باوجود اُن سے دوستانہ رویہ اختیار کرتے سنا گیا۔ اسی کال میں انہوں نے تھائی فوج کے اعلیٰ کمانڈر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں اپنا دشمن قرار دیا تھا۔
واضح رہےکہ یکم جولائی کو آئینی عدالت نے شینا وترا کو ابتدائی طور پر معطل کرتےہوئے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ 2008 کے بعد وہ پانچویں تھائی وزیراعظم ہیں جنہیں عدالتی فیصلے کے ذریعے عہدے سے برطرف کیا گیا۔
