لانگ مارچ،پنجاب میں فوج اور رینجرز کی خدمات طلب

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27ستمبر کو لانگ مارچ کرنے کے معاملے سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی خدمات مانگ لیں۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعینات کرنےکیلئے وفاقی حکومت کوخط ارسال کیا گیا ہے، اس کے علاوہ خط میں راولپنڈی میں فوج  تعیناتی کی  بھی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع  نے کہا کہ خط میں رینجرز اور فوج کی تعیناتی 5 اکتوبر تک مانگی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نےراولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعینات کرنےکے لیے وفاقی حکومت کوخط لکھا۔

راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی، اٹک میں رینجرز کے 5 ونگز تعینات کرنے کی سفارش  کی گئی جب کہ جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی 1، 1 کمپنی تعینات ہوگی۔

رینجرز کی تعیناتی کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں منظوری دی گئی۔

رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(ب) اور 10 کے تحت ہوگی

وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ پنجاب پولیس کی درخواست پر سکیورٹی میں معاونت کیلئے لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

Back to top button