بڑا کریک ڈاؤن: غیر قانونی افغانوں کی 11 جولائی سے گرفتاریاں شروع

وفاقی حکومت نے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں، بالخصوص افغان شہریوں، کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، ایسے تمام افغان شہری جو بغیر قانونی سفری دستاویزات یا کارآمد ویزا کے پاکستان میں مقیم ہیں، انہیں 10 جولائی 2026 تک ملک چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد 11 جولائی سے ان کی گرفتاری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، انسپکٹر جنرلز پولیس، اسلام آباد انتظامیہ، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں، کارروائیوں اور پیش رفت کی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کرنا لازمی ہوگا۔ حکومت نے اس مہم کو قومی سلامتی اور امیگریشن قوانین پر عمل درآمد کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق، اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن متوقع ہے، جبکہ صرف وہی غیر ملکی پاکستان میں قیام جاری رکھ سکیں گے جن کے پاس قانونی ویزا یا دیگر سفری دستاویزات موجود ہوں۔

Back to top button