مریم نواز کی جانب سے مزدوروں میں مفت فلیٹس اور پلاٹس کی تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران مزدوروں میں رہائشی فلیٹس کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کے اس مشکل دور میں اپنا گھر ہونا کسی نعمت سے کم نہیں اور ہر شخص کا خواب ہوتا ہے کہ اس کی اپنی چھت ہو۔ مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو گھروں کی فراہمی دیکھ کر انہیں دلی سکون ملا ہے، کیونکہ موجودہ معاشی حالات میں گھر بنانا ایک انتہائی کٹھن کام بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے قلیل مدت میں ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ فلیٹس مستحق مزدوروں کو بالکل مفت فراہم کیے جارہے ہیں، جن کے لیے ان سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا گیا۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہر رہائشی فلیٹ کی تعمیر پر حکومت کے 35 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ مریم نواز نے مزید اعلان کیا کہ فلیٹس کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے لیے 3، 3 مرلے کے پلاٹس بھی مختص کیے گئے ہیں جو کہ مکمل طور پر ’فری آف کاسٹ‘ دیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران مریم نواز نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف نے جو درخت لگایا تھا، آج وہ پھلدار بن گیا ہے‘ اور مزدوروں کو گھر ملنے پر نواز شریف خود بھی بہت خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 720 فلیٹس دیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹیکسلا میں بھی 500 گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

Back to top button