آبنائےہرمزکی سکیورٹی،آسٹریلیاکابھی سکیورٹی مشن میں شمولیت کااعلان

آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں قائم کیے جانے والے دفاعی مشن میں شامل ہوگا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلز نے 40 ممالک کے اجلاس کے بعد کہا کہ آسٹریلیا اس مشن کے لیے E-7A ویجٹیل نگرانی طیارہ فراہم کرے گا، جو پہلے ہی خطے میں متحدہ عرب امارات کو ایرانی ڈرون حملوں سے بچانے کے لیے تعینات ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ’آسٹریلیا ایک آزاد اور خالص دفاعی نوعیت کے کثیرالملکی فوجی مشن کی حمایت کے لیے تیار ہے جس کی قیادت برطانیہ اور فرانس کریں گے۔
اس سے قبل برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے کثیرالملکی دفاعی مشن میں خودکار مائن ہنٹنگ آلات، جنگی طیارے اور جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے یہ اعلان 40 سے زائد ممالک کے وزرا دفاع کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشن مناسب حالات میں فعال کیا جائے گا۔
