میگا کاسٹ فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کے پہلے ٹریلر کی دھوم

بڑے بجٹ اور میگا کاسٹ پر مبنی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں شاندار تقریب کا لاہور میں انعقاد کیا گیا، جس میں معروف اداکار فواد خان، جاوید شیخ، میکال ذولفقار، گوہر رشید، عائشہ عمر اور دیگر کئی اداکاروں نے شرکت کی۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ڈیبیو دے رہے ہیں، جبکہ فلم کے ہدایت کار معروف کمرشل ڈائیریکٹر فیصل قریشی ہیں جنہوں نے کمپنی کے لئے بے شمار مزاحیہ کمرشلز تخلیق کیے۔

یہ فلم 2020 میں ریلیز ہونی تھی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی تاہم اب یہ فلم رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہوگی، فواد خان گزشتہ سال ریلیز ہونے والی سپر ہٹ پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے مقابلے ’منی بیک گارنٹی‘ میں بالکل مختلف کردار ادا کریں گے۔

فلم میں ایک پختون کا کردار ادا کرنے والے پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار کر رہے ہیں، منی بیک گارنٹی 7 افراد کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے، یہ فلم نہ صرف پاکستانیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لوگوں سے متعلق ہے۔

فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فلم کی کہانی ڈکیتی کی واردات پر مبنی ہے، ٹریلر کے ایک ڈائیلاگ ہمارا بینک آپکی عزت سے زیادہ آپ کے پیسے کی حفاظت کرتا ہے، ٹریلر کے آخر میں بھی ایک ڈائیلاگ بولا جاتا ہے کہ ’یہ ڈکیتی ہماری منی بیک گارنٹی ہے، فلم کی شوٹنگ بنیادی طور پر پاکستان میں کی گئی تاہم کچھ مناظر تھائی لینڈ میں بھی شوٹ کیے گئے ہیں جن کو شائقین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وسیم اکرم نےبتایا تھا کہ ’منی بیک گارنٹی‘‘کے لیے جب مجھے فیصل قریشی کا فون آیا تو چونکہ میں ان کے ساتھ ایک موبائل فون کمپنی کے لیے کچھ دلچسپ اشتہارات میں کام کرچکا ہوں، اور وہ شخص بہت مختلف سوچتا ہے، اس لیے جب انہوں نے فلم میں میرا حصہ سنایا تو مجھے اچھا لگا، وہ جب بھی کہیں گے، میں فوراً کر لوں گا۔وسیم اکرم نے تسلیم کیا کہ اداکاری مشکل کام ہے، ایک ایک لائن یاد کرنا ہوتی ہے، اس لیے تمام اداکاروں کو سلام ہے، اداکاری کا کام لگتا آسان ہے مگر ہوتا نہیں اور جو نیا ہو اس کے لیے تو زیادہ مشکل ہوتا ہے، فلم میں اپنے کردار کے بارے میں وسیم نے بتایا کہ وہ ایک فرضی ملک کے فرضی بینک کے صدر ہیں اور فواد خان ان کے جونیئر افسر بنے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فلم میں ان کے اور فواد کے درمیان کرسی کی جنگ ہے، وہ فواد کو بہت پہلے سے جانتے ہیں، اس فلم میں ان سمیت تمام افراد نے ان کی کافی مدد کی، فواد کی پچھلی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ بہت کامیاب گئی۔ ’منی بیک گارنٹی‘ مزاحیہ فلم ہے، اس میں سب کچھ ہے، اس لیے جب عید الفطر پر لگے گی تو لوگوں کو پسند آئے گی۔انہوں نے کہا کہ فلم کے لیے اداکاری کا سبق کسی سے نہیں سیکھا کیوں کہ 30 سالوں سے اشتہارات میں کام کی وجہ سے انہیں کیمرے اور لائٹ کا معلوم تھا پھر فلم کے تمام افراد کو وہ جانتے ہیں، اس لیے نو دن کی شوٹ بہت آرام اور مزے سے ہو گئی، خاص کر شنیرا بھی ان کے ساتھ فلم میں ہیں۔

شنیرا کے ساتھ سکرین پر رومانس کے بارے میں وسیم اکرم نے کہا کہ یہ کافی مختلف فلم ہے، اس میں مزاح زیادہ ہے، یہ عام ڈگر سے ہٹ کر ہے، بہت ہٹ کر۔فلم کے سیٹ بہت اچھے ہیں اور فیصل قریشی نے کافی محنت سے تیار کروائے، فلم کی کامیابی باکس آفس بتاتا ہے۔ وسیم اکرم کو بہت زیادہ امید ہے کہ ان کی فلم باکس آفس پر اچھا پرفارم کرے گی۔

وسیم اکرم نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے لاکھوں کرکٹ مداحوں کے سامنے کھیل چکے ہیں لہٰذا ان پر کوئی دباؤ نہیں البتہ وہ کچھ فکر مند ہیں کہ یہ فیصل قریشی کی پہلی فلم ہے اور اس میں زیادہ نئے اداکار ہیں۔وہ اس فلم میں کافی کھل کر ناچے ہیں، انہیں ہدایت کار نے کھلا چھوڑ دیا تھا، جس کا انہوں نے پورا فائدہ اٹھایا۔

پاکستان نے افغان طالبان کوTTP کی شکایت لگا دی

Back to top button