بھارت میں مون سون نے تباہی مچادی،30افرادہلاک

بھارت میں مون سون کی موسلادھار بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ریاست آسام میں 8 اور اروناچل پردیش میں 9 افراد ہلاک ہوئے جب کہ زیادہ تر ہلاکتیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ریاست میزورم میں بھی ایک تودہ گرنے سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق میگھالیہ میں 6 افراد ہلاک ہوئے اور ناگالینڈ، تریپورہ میں کم از کم 2 افراد کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں مسلسل 3 دن سے جاری موسلا دھار بارش کے بعد کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔شدید بارشوں کے نتیجے میں بہنے والے دریاؤں میں برہم پتر ندی بھی شامل ہے، جو ہمالیہ سے نکلتی ہے اور بھارت کے شمال مشرق سے ہوتی ہوئی بنگلہ دیش میں داخل ہوتی ہے۔

بھارتی فوج نے کہا کہ اس نے منی پور ریاست میں ’ایک بڑے امدادی آپریشن‘ کے دوران سیکڑوں افراد کو بچایا ہے جب کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں کھانے، پانی اور ضروری ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

ریاست میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر رہیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں یا پھر جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات زیادہ ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال مون سون کے دوران اچانک سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

Back to top button