خورشید شاہ کے خلاف نیب ریفرنس FIA عدالت منتقل

سکھر کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے خلاف نیب ریفرنس ایف آئی اے عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دیا۔

سماعت کے دوران خورشید شاہ کے صاحبزادے، رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) فرخ شاہ اپنے وکیل محفوظ اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جج غلام یاسین کولاچی نے فیصلہ سناتے ہوئے کیس کو ایف آئی اے عدالت منتقل کرنے کا حکم دیا۔

گزشتہ سماعت پر نیب نے چھ سال بعد 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا حتمی چالان جمع کرایا تھا۔ نیب کا مؤقف تھا کہ چونکہ اثاثوں کی مالیت ایک ارب 23 کروڑ روپے سے کم ہے، اس لیے کیس کو ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں دیا جائے۔

دوسری جانب خورشید شاہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کیس کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو منتقل کیا جائے۔

واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں خورشید شاہ، ان کے بیٹے فرخ شاہ، بھتیجے اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ اور زیرک شاہ سمیت 18 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

Back to top button