قومی ہیروارشدندیم گولڈمیڈل لےکروطن واپس پہنچ گئے

ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیولین تھرو میں گولڈ میڈل اپنے نام کرنے والے قومی ہیروارشدندیم گولڈمیڈل لےکروطن واپس پہنچ گئے۔

ارشد ندیم فلائٹ ٹی جی 345 کے ذریعے رات ساڑھے 10 بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کے والد اور فیملی ممبرز لاہور ایئر پورٹ موجود تھے جبکہ استقبال کرنے والوں میں واپڈا اور لیسکو کے حکام بھی موجود تھے۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو فائنل میں سب سے دور 86.40 میٹر کی تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔ ارشد ندیم نے 52 سال بعد ایشیئن ایتھلیٹکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا، ارشد ندیم نے 2 بھارتی ایتھلیٹس سمیت دیگر کو ہرایا۔

قومی ہیرو ارشد ندیم نے اولمپکس سمیت مختلف مقابلوں میں پاکستان کے لیے 4 گولڈ میڈلز جیت رکھے ہیں۔

لاہور پہنچنے کے بعد ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، اللہ تعالی نے بڑی عزت دی ہے، 50 سال بعد ایشین گیمز میں بڑا میڈل آیا، اگلا ہدف ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ہے، پاک آرمی کے ساتھ ہوں، ہمیشہ رہوں گا۔ ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ کے لیے بھرپورتیاری کروں گا، قوم کی محبت اور پیار ہے، دعا کریں کہ ورلڈ ایتھلیکٹس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل لوں۔

Back to top button