بنگلہ دیش کوشکست،پاکستان نے ٹی20سیریز جیت لی

پاکستان نےبنگلہ دیش کو 7وکٹوں سےشکست دے کر 3میچوں کی ٹی20سیریز جیت لی۔
محمد حارث نے 46 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محمد حارث کی 46 گیندوں پر 7 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 17.2 اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔
قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی20 سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن اور پرویز حسین ایمان نے ٹیم کو 110 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران پرویز نے اپنی نصف سینچری مکمل کی، وہ 34 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تاہم تنزید حسن 6 رنز کی کمی سے نصف سینچری مکمل نہ کرسکے اور 44 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان لٹن داس 22 اور توحید ہریدوئے نے 25 رنزبنائے، ذاکر علی 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 8 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی، عباس آفریدی نے 2،2 جب کہ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے بیٹنگ کا آغاز کیا، 8 کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔پھر صائم ایوب اور محمد حارث نے شراکت داری قائم کر کے اسکور کو 100 پر پہنچایا تو صائم ایوب 29 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اسی دوران محمد حارث نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔اس کے بعد 137 کے مجموعی اسکور پر حسن نواز 13 گیندوں پر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث نے 43 گیندوں پر 107 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جبکہ سلمان آغا 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، محمد حارث ، حسن نواز، شاداب خان ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، عباس آفریدی اور ابراراحمد شامل تھے۔
بنگلہ دیش کےاسکواڈ میں لٹن داس ( کپتان )، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی ( وکٹ کیپر)، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود، خالد احمد شامل تھے۔