بھارت میں پاکستان سے ہمدردی کےالزام میں درجنوں افرادگرفتار

بھارت میں پولیس نے پاکستان کے ساتھ ’ ہمدردی’ رکھنے کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔
حالیہ پاک بھارت مختصر جنگ کے ایک ماہ بعد، بھارتی پولیس نے پاکستان کے ساتھ ’ ہمدردی’ رکھنے کے الزام میں درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ گرفتاریاں شمال مشرقی ریاست آسام میں ہوئیں، جہاں کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے کہا کہ ’ پاکستان کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے 81 ملک دشمن اب سلاخوں کے پیچھے ہیں۔’
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ہیمنت بسوا شرما نے ایک بیان میں کہا کہ ’ ہمارے نظام سوشل میڈیا پر ملک دشمن پوسٹوں کو مسلسل ٹریک کر رہے ہیں اور کارروائی کر رہے ہیں۔’
آسام پولیس نے بتایا کہ ایک شخص کو اس کے انسٹاگرام پر پاکستانی پرچم پوسٹ کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا، تاہم دیگر گرفتاریوں کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے پہلگام کے علاقے میں سیاحوں پر حملے کے بعد سے بھارت میں سوشل میڈیا صارفین پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
نئی دہلی نے پہگام حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام اسلام آباد پر لگایا جسے پاکستان نے مسترد کردیا، اس کے بعد بھارت اور پاکستان نے چار روزہ جھڑپ ہوئی، جس کے بعد 10 مئی کو امریکہ کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔