ملک بھر میں کل سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 12 سے 17 ستمبر تک بارش کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جبکہ ہفتے کے اختتام پر مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 14 ستمبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔
کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں کہیں کہیں ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بھی 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت گردونواح میں 12 ستمبر کی شام سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں بھی 12 سے 17 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں بھی اس دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، کراچی اور گردونواح میں 13 سے 16 ستمبر کی شام کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں 13 سے 16 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
