بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں  کیلئے نئے سفری قوانین نافذ

حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نئے سفری قوانین نافذ کر دیئے۔

حکومتِ پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفری قوانین کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے وہ پاکستانی جن کا قومی شناختی کارڈ برائے سمندر پار پاکستانیز یعنی ’نیکوپ‘ زائد المیعاد یا منسوخ ہو چکا ہے، اب وہ ویزا حاصل کیے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

حکومتی ترجمان نے نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں ان افواہوں اور جعلی خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ برطانیہ کے تمام پاسپورٹ ہولڈرز پر ’نیکوپ‘ کے ذریعے انٹری بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ جن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے پاس ویلڈ (درست اور فعال) ’نیکوپ‘ موجود ہے، وہ حسبِ سابق بغیر ویزا کے اپنے غیر ملکی پاسپورٹ پر پاکستان کا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ نئی ہدایات کسی ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ برطانیہ، امریکا، یورپی ممالک اور خلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر سے آنے والے تمام مسافروں پر یکساں لاگو ہوں گی۔

نئے قوانین کے تحت اگر کسی مسافر کا ’نیکوپ‘ ایکسپائر، غیر مؤثر یا منسوخ ہو چکا ہے، تو اسے فلائٹ لینے سے قبل ہر صورت میں پاکستانی سفارت خانے سے باضابطہ ویزا یا نیا ’نیکوپ‘ حاصل کرنا ہوگا۔

Back to top button