وزیراعظم کامزیدطالبعلموں کو حکومتی خرچ پر چین بھیجنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ لائیو سٹاک اور زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کیلئےاس سال بھی مزید ایک ہزار طالب علموں کو حکومتی خرچ پر چین بھیجا جائے گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ لائیو سٹاک کی استعداد سے متعلق قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی لائیو سٹاک کے شعبے سے متعلق سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے جس پر منتظمین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان چاروں صوبوں، گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر میں دن رات محنت کرتے اور ملکی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں مگر جدید آلات اور ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے خطے میں دوسرے ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے، دودھ کی زیادہ پیداوار کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک ہے جبکہ گوشت میں ہمارا پوٹینشنل موجود ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں زراعت اور لائیو سٹاک کے حوالے سے پاکستان میں ادارے قائم کیے گئے مگر وہ اقربا پروری کی نذر ہوئے اور آج مردہ گھوڑے بن چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر طویل سفر طے کرنا اور محنت کرنا ہوگی۔ ہمیں باتوں سے آگے بڑھ کر عمل کی طرف تیزی سے بڑھنا ہوگا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ زراعت اور لائیو سٹاک میں جدت کو اپنانے کیلیے چین سے مدد کرنے کی بات کی ہے، زراعت اور لائیو سٹاک پر ایک سال محنت کی جائے تو معیشت میں بہت بہتری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے کام سے وابستہ لوگوں نے ایک بیماری کا ذکر کیا جس کی ویکسین پاکستان میں نہیں مگر اب میں اعلان کرتا ہوں کہ ویکسین کیلئےجو بھی چاہیے حکومت اُس کی فنڈنگ کرے گی مگر اس شعبے کو آؤٹ سورس کریں گے تاکہ ماضی کے اداروں کی طرح کا حال نہیں ہوجائے۔
