لوئر دیر،دہشتگردوں سے مقابلے کے دوران2پولیس اہلکار شہید ،14 زخمی

لوئر دیر میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران دو پولیس اہلکار شہید اور 14 زخمی ہوگئے، بنوں میں تھانہ میریان پر دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، 4 اہلکار زخمی ہوگئے، دہشت گردوں اور پولیس میں مقابلہ جاری ہے، مزید نفری بھیج دی گئی۔
خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں حیدرے کنڈو ٹاپ میں پولیس، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس کی دہشت گردوں سے شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دیرلوئر جھڑپ میں دہشت گردوں نے پولیس کی تین گاڑیاں بھی نذر آتش کر دیں جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تیمرگرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حیدرے کنڈو ٹاپ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ ہوئی ہے اور اس کے پیش نظر دیر لوئر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ادھر بنوں میں تھانہ میریان پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا جہاں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانہ میریان سے ٹکرا دی۔
پولیس نے بتایا کہ حملہ کے بعد فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور مزید نفری بھجوا دی گئی۔
