چیمپئنزٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نےپاکستان کو ہرادیا

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60رنز سے شکست دیدی۔قومی کرکٹ ٹیم 321رنزکےہدف کے تعاقب میں 260رنزبناکرآؤٹ ہو گئی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتےہوئے5 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی ابرار احمد نے دلائی جب نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری، ڈیون کونوے کو10رنزپر ابرارحمد نے بولڈ کیا۔ بعد ازاں نسیم شاہ نے کین ولیمسن کو صرف 1 رن پر پویلین لوٹا دیا، ولیمسن کا کیچ وکٹوں کے پیچھے سے محمد رضوان نے کیا۔
تیسری وکٹ حارث رؤف نے لی جنہوں نے10 رنز بنانے والےڈیرل مچل کو پویلین لوٹایا۔ ول ینگ نے107 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، انہیں107 رنزپر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔گلین فلپس کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، انہوں نے39 گیندوں پر 61 رنز کی اننگ کھیلی۔
ٹام لیتھم نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ٹام لیتھم کی اننگ میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نےسست روی سے آغاز کیا۔پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹر سعود شکیل تھے جو6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،22 کے مجموعی اسکور پر کپتان رضوان بھی پویلین لوٹ گئے انہوں نے 3 رنز بنائے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ69 رنز پر گری جب فخرزمان 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سلمان آغا تھے جنہوں نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی28 گیندوں پر42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
طیب طاہر بھی جلد ہی وکٹ گنوا بیٹھے اور ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔انکے بعد بابراعظم بھی 153 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، بابراعظم نے 90 گیندوں پر 64 رنز کی اننگ کھیلی۔پاکستان کی ساتویں وکٹ200رنز پر گری، شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آؤٹ ہونےوالے کھلاڑی خوشدل شاہ تھے جنہوں نے49 گیندوں پر69 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی نویں وکٹ260 رنز پر گری جب حارث رؤف19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ول او رورکے نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ پاکستان میں 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ ہو رہا ہے۔
میچ کے آغاز سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔
پاک فضائیہ کی شیردل ٹیم نے فضاء میں سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھیرتے ہوئے پاکستانی قوم کو سلام پیش کیا۔
اس کے علاوہ شیردل ٹیم نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے شاہین بریک کا بھی مظاہرہ کیا، جے ایف 17، ایف 16 اور شیردل شاہینوں نے پوری قوم کا لہو گرمایا جب کہ جے ایف -17 تھنڈر طیارہ بھی فلائی پاسٹ میں شریک تھا۔