امریکا سے مذاکرات کی بحالی پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا: ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق پاکستان اور قطر بطور ثالث ایران اور متعلقہ فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل کر رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری رہنے کو امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آغاز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ادھر ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کی دھمکیوں یا طاقت کے اظہار سے مرعوب نہیں ہوگا۔
پاکستان عالمی سیاست میں ابھرتی ہوئی ہِنج پاور بن رہا ہے، فنانشل ٹائمز
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید سخت معاشی دباؤ بڑھانے کی تیاری کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق اس اقدام کا مقصد تہران کو جنگ کے خاتمے پر مجبور کرنا ہے۔
