ایشیاکپ میں پاک بھارت میچ منسوخی کاخدشہ نہیں،امارات بورڈ

امارات کرکٹ بورڈنے وضاحت کی ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا کوئی خدشہ نہیں ہے اور ایونٹ اپنی طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل ہوگا۔

ایشیا کپ رواں سال 9 سے 28 ستمبر تک بھارت کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ ٹرائنگولر سیریز میں حصہ لے گی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا پہلا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا، جب کہ ممکنہ طور پر دوسرا مقابلہ 21 ستمبر کو شیڈول ہے۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کر لیں تو روایتی حریفوں کا تیسرا میچ بھی دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ایونٹ کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹیموں نے اپنی اپنی حکومتوں کی اجازت سے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’100 فیصد گارنٹی تو نہیں دی جا سکتی، لیکن ہمیں مکمل امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف بھی ضرور میدان میں اترے گی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کی جانب سے بھی بائیکاٹ کا کوئی خدشہ نہیں، ماضی میں بھی کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھا گیا ہے اور اب بھی ایسا ہی ہوگا۔

Back to top button