حکومت اور پیپلز پارٹی کابجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق

وفاقی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال 27-2026 کے لیے 17.1 ٹریلین روپے کے لگ بھگ مالیت کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے حکومت اور ان کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اتفاق بھی ہوگیا ہے

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی پی پی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات کی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شریک ہوئے، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی اجلاس میں شریک تھے، جس میں سندھ کے ترقیاتی اور آبی منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے بجٹ امور پر بریفنگ دی، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔

 

Back to top button