امریکاکےساتھ کوئی مذاکرات شیڈول نہیں،ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی مذاکرات کا شیڈول طے نہیں کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایرانی تکنیکی وفد اس ہفتے دوحہ کا دورہ کرے گا تاہم اس کا امریکی حکام کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
ترجمان کے مطابق ایران نے ابھی تک حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع نہیں کیے کیونکہ اس کے لیے مفاہمتی یادداشت کے بعض نکات پر عمل درآمد ضروری ہے، جو اس وقت ایران کی اولین ترجیح ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران نے ملاقات کی درخواست کی ہے، ایران کی درخواست پر ملاقات کل دوحہ میں ہوگی۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایران کے ساتھ متوقع اجلاس میں شرکت کریں گے۔
