مینڈیٹ چوری کیا گیا تو میں ذمہ دار نہیں ہوں گا

چیئرمین تحریک انصاف وسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہےکہ سب کو معلوم ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے ہماری پارٹی کے پاس نمبرز پورے ہیں، اگر چوری کے پیسے سے عوامی مینڈیٹ خریدا گیا تو پھر جو ہوگا اُس کا ذمہ دار میں نہیں ہوں گا۔

لاہور کے لبرٹی چوک میں موجود اورسوشل میڈیا کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ہرانے کی منصوبہ بندی کی گئی مگر عوام نے ساری پلاننگ کو ناکام بنادیا، ایسے انتخابات کروانے والوں کو سزا ملنی چاہیے، جتنا پیسا پنجاب ضمنی الیکشن میں چلا، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سکندر سلطان جیسا بد دیانت الیکشن کمشنر نہیں دیکھا، ہم اس الیکشن کمشنر کی نگرانی میں عام انتخابات نہیں لڑیں گے۔

انکا کہنا تھا ہماری حکومت نے پورا زور لگایا کہ الیکشن ای وی ایم سے کرائے جائیں لیکن پی ڈی ایم سے زیادہ ای وی ایم کی مخالفت الیکشن کمیشن نے کی، عام انتخابات میں دھاندلی کے 163 طریقے ہیں جو ای وی ایم کے استعمال سے ختم ہوسکتے ہیں، من پسند الیکشن کے ذریعے بھی عوام کو غلام بنایا جاتا ہے، ہمارے دور میں اتحادی ہمیں بلیک میل کرتے رہے انہوں نے آئین سے غداری کی اور دوسری طرف جا کر بیٹھ گئے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا زرداری، شہباز شریف، فضل الرحمان پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں پیسا چلانے کی کوشش کررہے ہیں، اگرکل چوری کے پیسے سے عوام کا مینڈیٹ چرایا کیا گیا تو یہ ملک سری لنکا کی طرف جائے گا، پھر جو ہوگا میں ذمہ دار نہیں ہوں گا، لوگ میرے کنٹرول میں نہیں رہیں گے کیونکہ قوم اب جاگ چکی ہے اور مینڈیٹ چرانے پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا اگر کل دھاندلی ہوئی تو پھر میں آپ سے رات کو مخاطب ہوں گا اور پھر ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اگر عوام کے مینڈیٹ کو عزت دی گئی تو پھر کل ہم اللہ کا شکر ادا کریں گے اور جشن منائیں گے، ہماری حکومت آئی تو عوام پر ظلم کرنے والے افسران کو ہم نہیں بھولیں گے۔

کیا مہوش حیات سرجری سے پہلے ذیادہ خوبصورت تھیں؟

دریں اثنا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پرایک پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا آصف زرداری اور شہباز شریف لوٹی دولت سے آئین پاکستان کو پامال کرنے میں مصروف ہیں ، انہیں عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انکا کہنا تھا حکومت نے الیکشن کمیشن کی سربراہی پر فائز بددیانت اورمتعصب چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی معاونت سے سرکاری حکومتی مشینری کے ذریعے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی مگر ملک کے باشعور اور پرعزم عوام نے اپنی ثابت قدمی سے حکومت کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔

انہوں نے کہا کہ اب جرم کی دنیا کے بادشاہ آصف زرداری اور شہباز شریف این آر او 2 لینے کے بعد ارکان پنجاب اسمبلی کو خریدنے کے لئے لوٹی گئی دولت استعمال کرتے ہوئے قانون کا مذاق اڑانے اورآئین پامال کرنے میں مصروف ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا عوام نے جس طرح 17 جولائی کو گھروں سے نکل کر پنجاب کے ضمنی انتخاب پر ڈاکے کا منصوبہ ناکام بنایا، وہ آج پھرملک بھرمیں احتجاج کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے نکلیں۔

عمران خان نے کہا سری لنکا کو ایک مثال بننے دیجئے کہ اس میں بدمعاشوں، ان کے سرپرستوں اور الیکشن کمیشن کے لئے واضح پیغام ہے کہ عوام آپ کو پنجاب میں عوامی مینڈیٹ پر ہاتھ صاف کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔

Back to top button