اپوزیشن لیڈرپیپلزپارٹی کاہوگا،بلاول بھٹوجےیوآئی سے اتحاد کےخواہشمند

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔اپوزیشن لیڈرکی تقرری پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرزکی تقرری سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ زیربحث آیا، ملاقات میں اپوزیشن کی عددی حیثیت سے متعلق امور پرمشاورت ہوئی، بلاول بھٹو اپوزیشن لیڈر تقرری میں مولانا فضل الرحمان کیساتھ اتحاد کےخواہاں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں 74 اراکین اسمبلی ہیں، جے یو آئی اسمبلی میں6 جنرل نشستوں سمیت 10ممبران کے ساتھ موجود ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے محمود خان اچکزئی کی نامزدگی پر74 اراکین کےدستخط ہیں اور اپوزیشن کے74 ارکان نے محمود اچکزئی کو نامزد کرکے درخواست اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروا رکھی ہے۔
