پاکستان اور ازبکستان کا دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

پاکستان اور ازبکستان نے خوش حالی اور ترقی کے مشترکہ عزم کا اظہار کرتےہوئے مستقبل قریب میں دو طرفہ تجارت کے حجم کو موجودہ 400 ملین ڈالر سے 2 ارب ڈالر تک بڑھانے،علاقائی رابطے کے فروغ کےلیے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے سمیت مواصلات،تجارت،معدنیات، سیاحت،زراعت،سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں کی تقریب منعقد ہوئی،اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب میں تاشقند اور لاہور کےدرمیان ایم او یو کا تبادلہ ہوا، پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان معلومات کے تبادلےاور سفارتی پاسپورٹس،سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبےمیں تعاون کی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیےگئے، پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان نوجوانوں کے امور سے متعلق ایم او یو کا بھی تبادلہ ہوا۔

پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیےگئے، وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی،صدر ازبکستان نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مفید گفتگو ہوئی، روشن مستقبل کےلیے دونوں ملکوں کی گفتگو اور معاہدے اہم ہیں۔

شوکت مرزایوف نے کہاکہ مشترکہ لائحہ عمل اور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائےگا، خوش حال مستقبل کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتاہوں،دونوں ملکوں کے تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے،باقاعدہ پروازیں دونوں ملکوں کےلیے فائدہ مند ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی ممتاز کاروباری کمپنیاں دورہ تاشقند پر ہیں، سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی،دونوں ملکوں میں تزویراتی تعلقات کے نئےباب کا آغاز ہو رہا ہے،دونوں ملکوں میں تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھایا جائےگا، علاقائی اور عالمی فورمز پر ایک دوسرےسے تعاون جاری رکھیں گے،وزیر اعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ دورہ ازبکستان کے دوران میزبانی پر مشکور ہوں، پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان مضبوط روابط قائم ہیں،پاکستان اور ازبکستان کےتعلقات کی طویل تاریخ ہے،دونوں ملکوں کے تعلقات درست سمت میں آگےبڑھ رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہاکہ سرمای کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے،دونوں ملکوں کی خوش حالی اور ترقی ہمارامشترکہ عزم ہے، پاکستان اور ازبکستان کےدرمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔

وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ صدر شوکت مرزیایوف عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، صدر شوکت مرزیایوف نے ازبکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کےلیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے دیےہوئے ترقی کے ویژن پر گامزن ہوں،انتھک محنت اور پختہ عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، طویل ترین سفر کا آغاز پہلے قدم سے ہوتا ہےجو ہم نے اٹھالیا، ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو اپنےپاؤں پر کھڑا کیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 سے 2.4 فیصد پر لےآئے ہیں، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضاف ہوا ہے،معاشی شرح نمو میں اضافہ ہورہا ہے،ازبکستان کے ترقیاتی ماصل سے مستفید ہوں گے، انتھک محنت سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرےگا۔

شہباز شریف کاکہنا تھاکہ ریلوے کے ذریعے تجارت اہمیت کی حامل ہے،معدنیات کے شعبے میں بھی تفیصیلی گفتگو ہوئی، اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو ممکن بنائیں گے،سیاحت کے شعبےمیں بھی مل کر کام کریں گے،ازبکستان کو کراچی اور لاہور سے منسلک کریں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کےلیے کانگرس سینٹر تاشقند پہنچے جہاں وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ازبکستان کےدورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا ہے، دارالحکومت تاشقند میں واقع کانگریس سینٹر پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم کی تاشقند میں ازبکستان کے صدر سے ملاقات، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

باضابطہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے لیے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں واقع کانگریس سینٹر آمد پر ازبکستان کے صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر ازبکستان کے صدر اور وزیراعظم درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

تقریب کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد میزبان صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے میزبان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کروایا۔

وزیرِ اعظم اور ازبکستان کے صدر پاکستان اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس میں خطاب کریں گے۔دونوں رہنماؤں کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوں گی۔

بعد ازاں، وزیرِ اعظم اور ازبک صدر پاکستان اور ازبکستان مشترکہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور گفتگو بھی کریں گے۔

وزیرِ اعظم تاشقند میں قائم ٹیکنو پارک کا دورہ بھی کریں گےجہاں وزیرِ اعظم کو ازبکستان کی مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے صنعتی یونٹس کا دورہ کروایا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر ہیں، اس سے قبل انہوں نے آذربائیجان کا دو روزہ دورہ کیا تھا، جہاں دونوں ملکوں کے مابین تجارت، دفاع، تعلیم، موسمیات کے حوالے سے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے، دونوں ملکوں نے دو طرفہ تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک پہنچانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

Back to top button