ایران-امریکا کشیدگی ، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں: پاکستان

پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران امریکا تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، ایران اور امریکا کے درمیان دوبارہ کشیدگی پر تشویش ہے،پاکستان موجودہ علاقائی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان نے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد جاری رہنا چاہئے،پاکستان مسائل کے حل کےلیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔
ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران امریکا تنازع کسی کے مفاد میں نہیں،پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت اور تیل کی باآسانی ترسیل پر یقین رکھتا ہے۔ تمام تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری میں مضمر ہے،پاکستان تمام فریقین کو جنگ سے گریز کی ترغیب دیتا رہےگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں امن، باہمی احترام اور مشترکہ خوش حالی کے فروغ کےلیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے،اگرچہ اس مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو بعض چیلنجز کا سامنا ہے،تاہم پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کو تشدد ختم کرنےاور 22 جون 2026 کے پاک قطر مشترکہ اعلامیے اور مفاہمتی یادداشت کےمطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ترغیب دیتارہے گا۔
طاہر اندرابی نے کہاکہ موجودہ صورت حال سے خصوصاً ترقی پذیر ممالک شدید متاثر ہورہے ہیں،پاکستان عالمی توانائی کی فراہمی،تجارت،خوراک کے تحفظ اور دیگر اقتصادی شعبوں پر مرتب ہونےوالے منفی اثرات سے بخوبی آگاہ ہے،امید ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورت حال جلد معمول پر آئےگی اور بحری جہازوں کی محفوظ،آزاد اور بلا تعطل آمدورفت یقینی بنائی جائےگی۔
ترجمان نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھےہیں تاکہ کشیدگی میں کمی،مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پر امن حل کی راہ ہموار کی جاسکے۔
