پاکستان نے بھارت کو بیانیے، سفارت اور جنگی محاذ پر شکست دیدی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پانچ روزہ جنگ میں پاکستان کو نہ صرف سرحدی محاذ پر بلکہ تین مختلف میدانوں میں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پاکستان کی اس فتح کو تین حصوں میں تقسیم کرتا ہوں: پہلا، سفارتی محاذ پر شاندار کامیابی؛ دوسرا، بیانیے کی جنگ میں فتح؛ اور تیسرا، جنگی محاذ پر بھارت کو مؤثر جواب۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ بھارت ایک بڑی طاقت ہے، جس کے وسائل پاکستان سے سات گنا زیادہ ہیں اور اسے عالمی سپر پاورز کی حمایت حاصل ہے۔ لیکن پاکستان نے صرف دفاعی حکمتِ عملی کے تحت اس بڑی قوت کو نہ صرف روکا بلکہ اس کے چھ طیارے بھی مار گرائے۔

امریکا سے تعلقات اہم، مگر ناحق حمایت نہیں کریں گے: نائب وزیراعظم

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں پاکستانی سفارتکاروں اور دفتر خارجہ کے اہلکاروں نے غیرمعمولی کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ہم نے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا، اور عالمی برادری نے ہمارے مؤقف کو تسلیم بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ تیسرا اہم محاذ بیانیے کی جنگ تھی، جس میں پاکستان نے کامیابی سے دنیا کو یہ باور کروایا کہ ہم امن کے داعی ہیں اور اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان نے اس محاذ پر بھی فتح حاصل کی۔

Back to top button