پاکستان ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز سے باہر ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہ کیے جانے کے باعث پاکستان چیمپیئنز ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز سے باقاعدہ باہر ہوگیا۔
متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان چیمپیئنز کا پہلا مقابلہ بنگلہ دیش کے خلاف طے تھا۔ تاہم کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت نامہ نہ ملنے پر یہ میچ منسوخ کرنا پڑا۔
اس پیشرفت کے بعد ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور سابق کپتان سرفراز احمد نے دبئی نہ جانے کا فیصلہ کیا، جبکہ پاکستان کے کئی دیگر کھلاڑی پہلے ہی متحدہ عرب امارات پہنچ چکے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت کو ممکن بنانے کے لیے ٹیم مالکان نے ’پاکستان چیمپیئنز‘ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز بھی پیش کی تھی، لیکن پی سی بی نے اس تجویز کو بھی مسترد کر دیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا میں یہ خبر شائع ہو ئی تھی کہ ٹیم کو این او سی ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپیئنز کے خلاف کھیلنے سے 2 مرتبہ انکار کر دیا تھا، جس میں بھارت کے سابق اوپنر شیکھر دھون نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
موجودہ شیڈول کے مطابق 10 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کا اہم میچ ہونا تھا، جس میں عرفان پٹھان، یوسف پٹھان اور ہربھجن سنگھ جیسے معروف بھارتی کھلاڑی شامل ہیں۔
پی سی بی حکام کو خدشہ تھا کہ اگر پاکستان کے سابق عالمی کھلاڑیوں کو این او سی دے دیا جائے اور وہ بھارت کے خلاف میدان میں اترنے کی تیاری کریں، تو بھارتی ٹیم ایک بار پھر میچ سے دستبردار ہو سکتی ہے جس سے ایک نیا اور غیر ضروری تنازع کھڑا ہو جائے گا۔
