پاکستان ،نیوزی لینڈکامختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےپراتفاق

پاکستان اور نیوزی لینڈ نے زراعت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ویلنگٹن میں دونوں ممالک کے مابین مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک ہیں اور دیرینہ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں۔
دونوں ممالک کے مابین سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کے دورۂ آکلینڈ کے دوران بھی زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون زیرِ بحث آیا تھا۔
حالیہ برسوں میں عالمی معیشت میں غیریقینی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے اثرات کے پیشِ نظر خطے کے ممالک نئی تجارتی شراکت داریوں کی تلاش میں ہیں۔
دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کا تیسرا اجلاس اور سیاسی مشاورت کا پانچواں دور جمعرات کو ویلنگٹن میں منعقد ہوا، جسے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔
اجلاس کا سب سے نمایاں نتیجہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط رہا، جس سے توقع ہے کہ تعلیمی شعبے میں دونوں ممالک کے مابین تعاون میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
جے ٹی سی اجلاس کے دوران دونوں فریقین نے منڈی تک رسائی بہتر بنانے اور پائیدار زراعت میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی، جس میں اون کی پیداوار اور فصلوں کے تحفظ کے شعبے میں تکنیکی تعاون کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔
مذاکرات کا محور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا رہا، جس میں ٹیکنالوجی، تعلیم اور خدمات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
