ایران کے ساتھ معاہدے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کی راہ ہموار کرنے میں پاکستان نے سب سے اہم کردار ادا کیا، جبکہ قطر کی سفارتی کوششیں بھی قابلِ تعریف رہیں۔

جی 7 سربراہی اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کو کامیاب بنانے میں پاکستان اور قطر نے نمایاں کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک ایک اہم مفاہمت تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط آئندہ چند روز میں، اور ممکنہ طور پر 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے متعلق جی 7 اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں کو بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مثبت خیرمقدم کیا گیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ طے نہ پاتا تو آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی تھی، کیونکہ دنیا کی توانائی سپلائی کا بڑا حصہ اس اہم بحری راستے سے گزرتا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ جوہری ہتھیار تیار کرے گا اور نہ ہی حاصل کرے گا، جبکہ امریکا افزودہ جوہری مواد سے متعلق معاملات کے حل کے لیے تکنیکی تعاون اور نگرانی کے طریقہ کار پر کام کرے گا۔ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کی ایک نقل اسرائیل کو بھی فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ لبنان میں امن، خلیجی خطے کی سلامتی اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سمیت دیگر اہم امور پر بھی بات چیت جاری ہے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث ایران کو تقریباً دو ٹریلین ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے باعث اسے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور تعمیر نو کی ضرورت ہوگی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کی تعمیر نو میں براہِ راست سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔

 

Back to top button