پاکستان کو آئی ایم ایف سے 1.3 ارب ڈالر کی قسط موصول

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو 1.3 ارب ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔ یہ رقم وی ایف ایف (VFF) اور آر ایس ایف (RSF) پروگرام کے تحت منتقل کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی کو پاکستان کے تیسرے جائزے کی منظوری دیتے ہوئے اس قسط کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے مجموعی طور پر 760 ملین ایس ڈی آر کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت 154 ملین ایس ڈی آر کی دوسری قسط بھی شامل ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 914 ملین ایس ڈی آر پاکستان کو موصول ہوئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تبدیل نہیں ہوگی بلکہ براہِ راست زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل کی جائے گی۔ یہ اضافہ 15 مئی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے ذخائر میں ظاہر کیا جائے گا، جس سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کو وقتی طور پر سہارا ملے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ موجودہ پروگرام کے تحت پاکستان کو اب تک مجموعی طور پر 4.6 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے ستمبر 2024 میں 37 ماہ کے لیے آئی ایم ایف کا ای ایف ایف (EFF) پروگرام حاصل کیا تھا، جس کے تحت یہ مالی معاونت جاری ہے۔
