پی آئی اے کے بیڑے میں پانچ برس میں 60 طیارے شامل کیے جائیں گے : عارف حبیب

 

 

 

 

معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے بیڑے میں آئندہ پانچ برس کے دوران طیاروں کی تعداد 19 سے بڑھا کر 60 تک پہنچائی جائے گی، جب کہ فضائی آپریشن صرف منافع بخش روٹس تک محدود رکھا جائے گا۔

عارف حبیب نے واضح کیا کہ کسی بھی روٹ پر محض سبسڈی یا ڈونیشن کی بنیاد پر پروازیں نہیں چلائی جائیں گی، بلکہ تمام آپریشن مکمل طور پر تجارتی اور کاروباری اصولوں کے تحت انجام دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت 66 فیصد حصص کی ادائیگی کر دی گئی ہے، جبکہ باقی 34 فیصد رقم ایک سال کے اندر ادا کی جائے گی۔ معاہدے کی شرط کے تحت پہلے ایک سال کے دوران کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔

عارف حبیب نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے سینئر عہدوں پر بھرتیوں کا عمل جاری ہے، جو آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اس وقت پی آئی اے کے بیڑے میں 19 طیارے موجود ہیں، جن میں سے 4 سے 5 طیارے مرمت کے بعد دوبارہ سروس میں شامل کیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال مزید 5 نئے طیارے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ ہر سال بھی 5 نئے طیاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ طیاروں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ملازمین کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ کراچی میں پی آئی اے کی انجینئرنگ سہولت پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔

 

Back to top button