معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے : وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور حکومت کی جانب سے کی گئی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں
کراچی میں پاکستان بینکنگ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معیشت کو دستاویزی بنانے کےلیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں ایڈوانس ٹیکس، مختلف سبسڈیز اور سپر ٹیکس میں کمی کی گئی ہے، جب کہ 50 کروڑ روپے تک سالانہ کاروبار کرنے والے اداروں کےلیے سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ زرعی مشینری پر ٹیکس کی شرح صفر کردی گئی ہے، جب کہ کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کےلیے شرائط بھی نرم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیاگیا ہے اور ریٹیلرز کی جانب سے ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی آمادگی ایک مثبت پیش رفت ہے۔انکم ٹیکس افسران کے اختیارات کو محدود کیاگیا ہے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت مل سکے،جب کہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کےلیے بھی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ آبادی والے ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام کو بھی آسان بنانا ناگزیر ہے۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کےلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کی ہے جب کہ ملکی جی ڈی پی کی شرح میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔
