پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے دعاگو ہیں: رضا امیری مقدم

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے یوم آزادی پر کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔
پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور ہمہ جہت تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے یومِ آزادی کی مناسبت سے جاری پیغام میں کہا کہ وہ اپنی، ایرانی حکومت اور عوام کی جانب سے دوست، ہمسایہ اور برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کی محترم حکومت اور غیور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی قوم کی غیر معمولی لچک، اتحاد اور شاندار کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے تعلقات انتہائی قدر و اہمیت کے حامل ہیں۔
ایرانی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے پختہ ارادے اور مشترکہ کوششوں کے باعث پاک ایران تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، جو خطے میں امن، خوشحالی اور مختلف شعبوں میں ہمہ جہت تعاون کے نئے افق روشن کرے گا۔
انقرہ میں پاکستان کے یومِ آزادی کی پروقار تقریب، ترک نائب صدر کی شرکت
رضا امیری مقدم نے پاکستان کی مسلسل ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں عظیم قوموں کے درمیان دیرینہ دوستی روز بروز مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد اور دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
