وزیراعظم کی صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر مملکت آصف علی زرداری نےوزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے انہیں بھارتی جارحیت، پاکستان کےآپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں بھارت کو دیئے جانے والے موثر جواب کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار اور وزیرقانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیرتارڑبھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے بھارتی جارحیت،میزائل حملوں کا منہ توڑ جواب دینے پرمسلح افواج کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کوسراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف اورصدرمملکت کی ملاقات میں بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نےکہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار، امن پسند قوم کی حیثیت سےبھارتی اشتعال انگیزیوں کےمقابلے میں کافی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق ذمہ دارانہ جوابی کارروائی کی، وفاقی وزیر اطلاعات
صدر نے کہا کہ افسوس کہ بھارتی جارحیت کی وجہ سےپاکستان کےپاس اپنی خودمختاری کےدفاع کافیصلہ کن جواب دینےکے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
صدر مملکت نےکہا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور بھارتی جارحیت کےمقابلےمیں اپنی مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے،پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرے گا۔