پانی کے ذخائر کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے : وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ دیامر بھاشا سمیت تمام اہم آبی منصوبے ملکی وسائل سے مکمل کیے جائیں گے۔پانی کے ذخائر کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی تکمیل کو تیز رفتاری سے یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں پانی کی ممکنہ قلت سے بچا جاسکے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتےہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دشمن ملک پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے،جو پاکستان کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں سے متعلق بین الاقوامی ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے،جو پاکستان کے مؤقف کی توثیق اور بھارت کے یک طرفہ اقدامات کو مسترد کرتاہے۔

انہوں نے ملک میں پانی کی قلت پر قابو پانے کےلیے حکومتی سنجیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہم آبی ذخائر کی گنجائش میں اضافہ کریں گے اور ان کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائےگا۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پُر امن حل چاہتے ہیں : پاکستان

سوات واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتےہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ایسے واقعات پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور سچائی کی بنیاد پر اس کا غیرجانبدارانہ جائزہ لینا چاہیے۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ تمام ادارے مل کر کام کریں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات سے بچا جاسکے۔

Back to top button