وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ،پاک بھارت کشیدگی پرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ،پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اشتعال انگیز رویے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ بھارت کے اشتعال انگیز رویے پر بھی گفتگو کی۔
شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان اس طرح کے تنازعات میں الجھنا نہیں چاہتا۔ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے، ہم عالمی برادری کو واقعہ کی شفاف تحقیقات کی پیش کرتے ہیں، پاکستان ان تحقیقات میں ملائیشیا کی شرکت کا خیر مقدم کرے گا۔
واضح رہے کہ کئی ممالک کے سربراہان اور وزرائے خارجہ نے پہلگام حملے پر پاکستانی موقف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔