فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ترقی کا تسلسل جاری رہےگا : فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوچکا ہے، عالمی سطح پر فیلڈ مارشل کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے، فیلڈ مارشل پاکستان کےلیے اچھی خبریں لارہے ہیں، ان کی سربراہی میں ترقی کا تسلسل جاری رہےگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری فنڈز سے 10 فیصد مسلح گروہوں کو جانے کے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تائید کرتا ہوں،ایک صوبے کا معاملہ نہیں جب تمام صوبوں کے فنڈز میں گھسیں گے تو بڑا بہت بڑا فنڈا نکلےگا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت عمران خان کو جیل میں رکھنے میں کامیاب ہوگئی،یہ اپنے اقتدار کے مزے لوٹتے ہیں اور لوٹتے رہیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ جو فیل صوبے ہوتے ہیں وہاں پر یہی تباہی ہوتی ہے، پی ٹی آئی والے نعرہ لگاتے تھے سارے چور ہیں سارے بےایمان ہیں، خیبرپختونخوا میں سینیٹ نشستوں پر جو نورا کشتی ہوئی ہےوہ سب کے سامنے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ملک میں آپریشن رکےگا نہیں تیز ہوگا جو اس تسلسل کے بیچ میں آئےگا جتنا بڑا طرم خان ہوگا رگڑ دیا جائےگا۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوچکا ہے، عالمی سطح پر فیلڈ مارشل کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے، فیلڈ مارشل پاکستان کےلیے اچھی خبریں لارہے ہیں، ان کی سربراہی میں ترقی کا تسلسل جاری رہےگا۔

Back to top button