سیلاب متاثرین کی مدد قومی فریضہ ہے،حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہم سب کا قومی فریضہ ہے، وفاقی حکومت اپنی قومی ذمہ داری ادا کررہی ہے۔ متاثرین کے نقصانات پورے کرنے کےلیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔ حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت سیلاب اور امدادی اقدامات سے متعلق اجلاس کے بعد وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اجلاس میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا، خصوصاً خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں جاری ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ قومی سطح پر مربوط اقدامات کے ذریعے سیلابی صورت حال سے نمٹا جارہا ہے،صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری برقرار ہے جب کہ این ڈی ایم اے وارننگ سسٹم کے ذریعے متعلقہ حکام کو باقاعدگی سے معلومات فراہم کر رہا ہے۔

وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہاکہ متاثرین کے نقصانات پورے کرنے کےلیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی، اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ مہم کے تحت دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب آباد لوگوں کو مستقل طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بتایاکہ اتھارٹی متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد اور مؤثر ردعمل کےلیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔انہوں نے تازہ اعداد و شمار پیش کرتےہوئے بتایا کہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اب تک 670 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے مطابق 420 سے زائد ریلیف کیمپس متاثرہ علاقوں میں قائم کیے جاچکے ہیں، جب کہ مون سون کے مزید 2 سے 3 اسپیل متوقع ہیں اور موجودہ اسپیل جمعے تک جاری رہےگا۔ ان کا کہنا تھاکہ حالات ستمبر کے آخر تک معمول پر آنے کی توقع ہے۔

وفاقی کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ سیلاب متاثرین کو دینے کااعلان

انہوں نےکہا کہ حکومت کی اولین ترجیح لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا اور انہیں ریسکیو کرنا ہے، جب کہ نقصانات کا تخمینہ مون سون سیزن مکمل ہونے کے بعد لگایا جائے گا۔

Back to top button