پی ٹی آئی عمران خان کیلئے”این آراو“چاہتی ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ آج تحریک انصاف کے بے شمار بانیوں میں سے ایک کو عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی ریلیف ملا، اور پارٹی نے جس انداز میں اس فیصلے کا جشن منایا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے نااہل قائد کو کسی بھی طریقے سے جیل سے باہر لانے کے لیے بے حد بے تاب ہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ یہی وہ شخص ہے جو ماضی میں مطالبہ کرتا رہا کہ دیگر سیاستدانوں کو جیلوں میں ڈالا جائے اور ان کی قید کو مزید سخت بنایا جائے۔

وزیر دفاع نے کہاکہ اس سے بڑھ کر ستم ظریفی کا یوٹرن شاید ہی کوئی ہو سکتا ہے کہ جس شخص کو کبھی ناقابل شکست اور خود ساختہ آئرن مین کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، آج اس کی پوری جماعت شدت کے ساتھ مطالبہ کررہی ہے کہ اسے جیل سے اسپتال منتقل کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ ماضی میں بھی جیلوں میں موجود قیدیوں کے لیے اسپتالوں میں علاج کی سہولت دستیاب رہی ہے اور آج بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں کہ عمران خان کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

 

انہوں نے کہاکہ تاہم عدالتی فیصلوں پر جشن منانے سے پہلے تحریک انصاف کو اپنے ہی بیانیے میں موجود واضح تضادات کا ضرور جواب دینا چاہیے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ یہ قدرت کا انتقام ہے، آج غرور کے ہمالیہ پہاڑوں سے بھی مارگلہ کی پہاڑیاں زیادہ بلند دکھائی دے رہی ہیں۔

 

Back to top button