پی ٹی آئی27ستمبر کو مسلح گروہ اسلام آباد لائےگی،راناثنااللہ کادعویٰ

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کو مسلح گروہ لا کر دوسرا 9 مئی کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اتحادی حکومت کا حصہ ضرور ہیں لیکن وہ مسلم لیگ ن کی نمائندگی بالکل بھی نہیں کرتے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کی طرف مسلح گروہ لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔انہوں نے انتباہ کیا کہ پی ٹی آئی احتجاج کی آڑ میں ایسے افراد کو بھی لائے گی جن کا شمار سیاسی کارکنان میں نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جس مقصد کی تیاری کر رہی ہے وہ ہرگز نیک نہیں، درحقیقت وہ 27 ستمبر کو ایک اور 9 مئی برپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مشیرِ وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی صورت بھی ‘ریڈ زون’ میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اگر پی ٹی آئی نے اسلام آباد یا لاہور کی طرف مارچ کیا تو راستے میں سخت رکاوٹیں ڈالی جائیں گی۔
انہوں نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر سے مطالبہ کیا کہ وہ قوم کو اس بات کی گارنٹی دیں کہ 27 ستمبر کے مارچ میں کوئی ایک بھی مسلح شخص شامل نہیں ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے لیکن اس کے ساتھ کچھ آئینی ذمہ داریاں بھی جڑی ہیں۔انہوں نے پیشکش کی کہ پی ٹی آئی اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرے، وہ خود بھی اس قانونی دائرے میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی نے ماضی میں 9 مئی کے پرتشدد واقعات نہ کیے ہوتے تو آج ان پر یہ سخت پابندیاں عائد نہ ہوتیں۔
