رضوان،امام الحق این سی سی آئی اے میں پیش،جواب کیلئےوقت مانگ لیا

لارڈز ٹیسٹ کے بعد پاکستانی ٹیم سے ریلیز ہونے والے کرکٹر محمد رضوان اور امام الحق لاہور میں نیشنل سائبرکرائم انویسٹیگشن ایجنسی کے روبرو پیش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے سوالوں کے جواب دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان جمعرات کے روز دوپہر تین بجے لاہور میں واقع نیشنل سائبر کرائم انویسٹگیشن ایجنسی کے روبرو پیش ہوئے۔
این سی سی آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ دونوں کرکٹرز سے ان کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔
کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے۔ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد تحقیقات کررہا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔پی سی بی ذرائع نے کہا ہےکہ انکوائری کا سلسلہ چونکہ ابھی جاری ہے اس لیےکوئی تبصرہ نہیں کیا جائےگا۔
دوسری جانب بورڈ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ کرکٹرز اور آفیشلز سے متعلق میڈیا پر غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں چلائی جا رہی ہیں۔
