پنجاب میں 14مئی کوالیکشن کاانعقاد ممکن نہیں

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہےکہ 14 مئی کو الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں، اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنے دیں، شرائط سامنے رکھ کر مذاکرات نہیں کیے جاتے۔
وزیر داخلہ کانجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئےکہنا تھاکہ تحفظات کے باوجود نواز شریف نے بات چیت کی اجازت دی،مذاکرات میں ن لیگ کی تجاویز تھیں کہ آئی ایم ایف معاہدہ فائنل ہونا چاہیے اور بجٹ نگران حکومت کے بجائے موجودہ حکومت کو پیش کرنے دیا جائے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اگر یہ دونوں باتیں مانی جاتی ہیں تو پھر ہفتہ بھر پہلے اسمبلیوں کو توڑنےکی کیا ضرورت ہے؟
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرکا کہنا ہےکہ اسمبلیاں توڑنےکا آخری موقع ضائع کیا تو ملک کا نقصان ہوگا، حکومتی پارٹیاں بھی خسارہ اٹھائیں گی، عمران خان نے موقع دیا ہےکہ ایک ہی دن میں پورے ملک میں انتخابات کروالیں۔
اسد عمر نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اجلاس میں آکر شاہ محمود قریشی کو پرچہ تھمائیں جس میں لکھا ہوکہ حکومت مان گئی ہے، چلیں یہ پرچہ چل کر عدالت میں جمع کرائیں اور ملک میں الیکشن کرائیں۔
خیال رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ آج رات 9 بجے ہوگا۔
