پنجاب: دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ، پی ڈی ایم اے کا سیلاب الرٹ جاری

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ تربیلا اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
اس کے علاوہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ تاہم دریائے جہلم، چناب اور راوی سمیت ان سے ملحقہ نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نالہ پلکھو (کینٹ) اور نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جس پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
سوات میں سیلاب سے تباہی، مزید 8 لاشیں برآمد، ہلاکتیں 20 ہو گئیں
دوسری جانب، تربیلا ڈیم 98 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے، جس کے باعث ڈیمز کے محفوظ آپریشن اور ممکنہ اخراج کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں خصوصاً نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
