ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، سندھ اور بلوچستان میں گرمی برقرار رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ سندھ اور بلوچستان میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں بارش کا امکان ہے ان میں دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، خیبر، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، ہنگو، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈی آئی خان، کرم اور وزیرستان شامل ہیں۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جن میں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، لیہ، بھکر، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، بہاولنگر اور بہاولپور شامل ہیں۔
گورنر کی ملاقات کو سازش کہنا درست نہیں، عدم اعتماد پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی : عرفان صدیقی
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم شام یا رات کے وقت تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سانگھڑ اور میرپور خاص میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں مجموعی طور پر موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی ہے، تاہم بارکھان، رکھنی، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، سبی، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، زیارت، بولان، ژوب، قلات، مستونگ اور خضدار میں بارش متوقع ہے۔
ادھر آزاد کشمیر میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ گلگت بلتستان میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔