ٹرانسفر پر تحفظات: ہائیکورٹ کے 5 ججز کی انٹرا کورٹ اپیل دائر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے سپریم کورٹ کے ججز ٹرانسفر کیس کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔

یہ اپیل معروف قانونی ماہر منیر اے ملک کے توسط سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں 19 جون کو سنائے گئے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار ججز نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ فیصلے پر حتمی حکم آنے تک 19 جون کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے 19 جون کو ججز ٹرانسفر کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کے تبادلوں کو درست قرار دیا تھا۔ فیصلہ 2 کے مقابلے 3 کی اکثریت سے سنایا گیا، جس میں ججز کے تبادلے کو آئینی قرار دیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی: اپوزیشن کے 26 ارکان معطل

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جسٹس سرفراز ڈوگر بطور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے، جبکہ سنیارٹی سے متعلق معاملہ صدر مملکت کو بھجوانے کی ہدایت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے رواں سال 20 فروری کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں ہائیکورٹس سے اسلام آباد ہائیکورٹ ٹرانسفر کیے گئے ججز کی سنیارٹی پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ ان میں جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد آصف اور جسٹس خادم حسین سومرو شامل ہیں۔

Back to top button