روسی تیل کی درآمد سے پاکستانی پٹرول کتنا سستا ہوگا؟

ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ بیرل روسی آئل دیگر ذرائع کے مقابلے میں 30 فیصد کم قیمت پر آئندہ ہفتے پورٹ قاسم پہنچے گا۔ایک لاکھ بیرل روسی کروڈ آئل کی پہلی ادائیگی ڈالر کی بجائے کسی متفقہ کرنسی میں کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ وزیر مملکت ڈاکٹر مصدق ملک کے مطابق روس سے سستا آئل آنے کے بعد پاکستان میں بھی پٹرول سستا ہو گا لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنی کمی آئے گی اس حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔
خیال رہے کہ اتحادی حکومت گزشتہ کچھ عرصے سے روس سے خام تیل کی پہلی کھیپ آنے کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن ابھی تک روسی تیل بردار جہاز پاکستان نہیں پہنچ سکے ہیں۔ اس حوالے سے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک بھی ایک سے زائد مرتبہ تاریخوں کا اعلان کر چکے ہیں اور انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کے سستا ہونے کی خوشخبری بھی دی۔مصدق ملک نے منگل کو اپنے تازہ بیان میں کہا کہ ’روس سے سستا تیل پاکستان آنے والا ہے۔ جیسے ہی روس سے تیل آئے گا، قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی۔‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’آج یا کل تک روس سے جہاز آ جائے گا۔‘
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کے روس سے تیل کی برآمد سے متعلق بیانات میں فرق بھی دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے گذشتہ برس دسمبر میں روس کے دورے سے واپسی پر کہا تھا کہ ’روس سے سستا تیل لینے کا معاملہ آگے بڑھ رہا ہے اور جنوری کے دوسرے ہفتے میں روس کی ٹیم پاکستان آئے گی۔‘پھر دسمبر ہی میں پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرادری نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’روس سے رعایتی ایندھن لینے کی کوشش کر رہے ہیں اور نہ ہی حاصل کر رہے ہیں۔‘
ڈاکٹر مصدق ملک نے اس وقت یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ’روس پاکستان کو خام تیل کے علاوہ ڈیزل اور پیٹرول بھی دے گا اور رعایتی نرخوں پر دے گا۔‘بعدازاں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے 30 مئی کو ’پاکستان انرجی کانفرنس 2023‘ میں اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’بحری جہاز عمان پہنچ چکے ہیں اور پاکستان کو سستے تیل کی سپلائی ایک ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔‘ماضی کے بیانات کے برعکس انہوں نے کہا تھا کہ ’تیل کے ایک جہاز سے قیمت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن ایک بار جب سپلائی مستقل ہو جائے گی، ایندھن کی قیمت بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گی۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے کا زیادہ تر دار و مدار درآمد ہو کر آنے والے ایندھن پر ہے جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیتمیں ابھی تک کافی زیادہ تصور کی جا رہی ہیں۔ روس سے خام تیل آنے کی خبروں کے بعد امید پیدا ہوئی تھی کہ شاید آئندہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی آجائے لیکن ابھی تک اس بارے میں حکومت کی کوئی واضح حکمت عملی یا پالیسی سامنے نہیں آئی۔ اب یہ کہا جا رہا ہے کہ عمان سے تیل کا پہلا جہاز جون کے دوسرے جبکہ دوسرا جہاز تیسرے یا چوتھے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا۔ روس سے تیل پہنچنے میں مسلسل تاخیر نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ یہ سوال بھی زیرِ گردش ہے کہ ایک لاکھ ٹن خام تیل پاکستان آنے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کتنی کمی متوقع ہے؟ اس سے پاکستان کی مجموعی معاشی حالت میں کیا فرق پڑ سکتا ہے؟ کیا پاکستان کی آئل ریفائنری کے پاس اس خام تیل کو پراسس کرنے کی صلاحیت بھی ہے یا نہیں؟
معاشی امور پر نظر رکھنے والے سینیئر صحافی اور تجزیہ کار مہتاب حیدر کا کہنا ہے کہ روسی تیل تو پہنچنے والا ہے لیکن اس سے ابتدائی طور پر کچھ زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ مہتاب حیدر نے بتایا کہ ’شروع میں یہ توقع نہیں باندھی جا سکتی کہ فوراً ہی پاکستان میں تیل سستا ہو جائے گا۔ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ پاکستان کے مجموعی درآمدی بل میں روسی خام تیل کا شیئر کتنا رکھا جائے گا۔ اگر اس کے لیے زیادہ حصہ رکھا گیا تو پیٹرولیم مصنوعات سستی ہو سکتی ہیں۔‘
یہ طویل المدتی معاہدہ ہے یا پھر ایک دو مرتبہ کی خریداری؟ اس سوال پر مہتاب حیدر کا کہنا تھا کہ ’ابھی اس کی تفصیلات واضح نہیں ہیں۔ پاکستان کی تیل کی ضروریات اور آئندہ دنوں کے درآمدی بِل سے اندازہ ہو گا کہ حکومت کیا چاہتی ہے۔‘روسی خام تیل لینے کے فیصلے کے بارے میں مہتاب حیدر کا خیال ہے کہ ’پاکستان امریکہ کو کوئی پیغام دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ بارٹر ٹریڈ کی جانب پیش رفت اور روسی خام تیل کی برآمد دونوں اسی ’پیغام‘ کی کَڑیاں ہیں۔‘انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ’روسی خام تیل تو پاکستان آ رہا ہے لیکن یہ پہلو ابھی تحقیق طلب ہے کہ آیا پاکستان میں موجود ریفائنریاں روسی خام تیل کو پراسس کر سکتی ہیں یا نہیں۔‘
معاشی تجزیہ کار ڈاکٹر فرخ سلیم بھی روسی تیل کی درآمد کے بعد پیٹرولیم مصنوعات میں کسی کمی کی توقع نہیں رکھتے۔ ڈاکٹر فرخ سلیم نے بتایا کہ ’یہ تو خود مصدق ملک کہہ چکے ہیں کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’دیکھیں روس سے جو تیل آئے گا، اس پر اندازاً 20 ڈالر فی بیرل کرایہ آئے گا جب کہ اس سے قبل جو سعودی عرب سے آتا ہے اس پر تین سے چار ڈالر فی بیرل کرائے کی مد میں لاگت آتی ہے۔ اب اگر روس 15 یا 20 ڈالر سستا بھی دیتا ہے تو خرچ پھر بھی زیادہ ہو جائے گا۔‘
پاکستان کی ریفائنری کی صلاحیت سے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر فرخ سلیم کا کہنا تھا کہ ’ابھی تو روس سے پہلی کھیپ آ رہی ہے۔ میرا خیال ہے اس تیل کو دیگر ممالک سے آنے والے تیل کے ساتھ ملا کر پراسس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔‘روس کے ساتھ معاہدہ کتنا دیرپا ہو سکتا ہے؟ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’رُوبلز ہمارے پاس نہیں ہیں۔ ہم یوان میں ادائیگی
کر رہے ہیں جن کی ہمارے پاس ویسے ہی کمی رہتی ہے۔
