عمران خان نے اپنے پاؤں پر کلہاڑی کیسے ماری؟

موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے میں تقریباً 9 ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ 13 اگست کو پارلیمان کا ایوان زیریں تحلیل ہوجائے گا اور آئین کے تحت 12 اکتوبر تک انتخابات کروائے جانے چاہیئں۔ تاہم اس وقت ایک جمہوری انتقال اقتدار مشکل نظر آتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی زاہد حسین نے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں کیا ہے۔زاہد حسین کا مزید کہنا ہے کہ حکمران اتحاد کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے دیے جانے والے بیانات نے مقررہ وقت پر انتخابات کے انعقاد پر شبہات پیدا کردیے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کچھ رہنما ’احتساب‘ چاہتے ہیں تو کچھ پہلے معیشت کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں۔اس دوران پاکستان تحریک انصاف کو توڑنے کا منصوبہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دونوں کی پہلی ترجیح نظر آتا ہے۔ شاید اس منصوبے کے پورے ہونے تک انتخابات کے انعقاد پر توجہ نہ دی جائے۔
زاہد حسین کے مطابق ہمارے اس متزلزل جمہوری عمل کا مستقبل بے یقینی کیفیت سے دوچار ہے جس کی وجہ سے موجودہ حکومت کی مدت میں توسیع کے لیے کسی غیر آئینی قدم کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ بلکہ اس حوالے سے تو طویل مدتی نگران سیٹ اپ کی باتیں گردش میں ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ملک کسی انجان راستے کی جانب جارہا ہے۔پارٹی کے کئی سینیئر اراکین کے پارٹی چھوڑ جانے کے بعد پارٹی کا ڈھانچہ ختم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اس کے انتخابی امکانات متاثر ہوسکتے ہیں لیکن وہ ’منصوبہ‘ بھی ابھی جاری ہے۔ محدود نقل و حرکت اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے باوجود ایسا لگتا ہے کہ عمران خان ڈٹے ہوئے ہیں۔
زاہد حسین کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان حکومتی اتحاد اور اسٹیبلشمنٹ کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انتخابات میں جانا اس وقت حکومت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ پہلے انہیں قابو کرنا ہوگا لیکن ایسا کرنا کمزور حکومت کے لیے آسان نظر نہیں آتا۔کچھ ایسی باتیں بھی کی جارہی ہیں کہ سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں پر بغاوت کے مقدمے فوجی عدالت میں چلائے جائیں گے۔ اس کی وجہ 9 مئی کو سیکیورٹی تنصیبات پر ہونے والے حملے ہوں گے جن میں پی ٹی آئی کے حامی ملوث تھے۔ ماضی میں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ منتخب رہنماؤں کو مشکوک مقدمات میں سزائیں سنائی گئی ہیں لیکن سویلین عدالتوں کی جانب سے ان میں سے ایک سابق وزیر اعظم کو جھوٹے الزام میں پھانسی بھی دی جاچکی ہے۔
ایک سزا انہیں انتخابی سیاست سے دور کرسکتی ہے لیکن اپنی غلطیوں اور جمہوری عمل کو تباہ کرنے کی کوششوں کے باوجود کسی مقبول لیڈر کو سیاسی منظرنامے سے دور نہیں کیا جاسکتا۔ یہ تاریخ کا ایک سبق ہے جسے ہمارے سیاسی رہنما کبھی سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کرتے۔بات صرف ملک کے اندر ان کی مقبولیت کی نہیں ہے۔ مغرب میں رہنے والی بااثر پاکستانی برادری میں ان کی مقبولیت بہت ہے۔ یہ وہ عنصر ہے جس کی وجہ سے ملک میں بڑی قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کے باوجود بھی ان کی پوزیشن مستحکم ہوتی ہے۔ ان پر مقدمہ چلانا ایک ایسے ملک کے سیاسی ماحول کو مزید خراب کرسکتا ہے جس کے معاشی اور سیکیورٹی حالات پہلے ہی دگرگوں ہے۔
زاہد حسین کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت اقتدار کے حصول کی کشمکش کا اصل مرکز پنجاب ہے۔ ایک جانب جہاں مسلم لیگ (ن) اپنے گڑھ پر دوبارہ کنٹرول چاہتی ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی الیکٹیبلز کو ساتھ ملا کر جنوبی پنجاب میں اپنے امکانات بہتر کرنا چاہتی ہے۔ یہ الیکٹیبلز وہ ہیں جنہوں نے حالات تبدیل ہوتے دیکھ کر سیاسی موقع پرستی کے تحت پی ٹی آئی کو خیرباد کہا۔زیادہ تر خاندانی سیاست دانوں کا اپنا ووٹ بینک ہوتا ہے لیکن وہ انتخابات میں اپنی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھتے ہیں۔ انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی کو حاصل انتخابی حمایت کے اثرات کو دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا۔ یقینی طور پر سیٹیں جیتنے کے لیے پی ٹی آئی کو ایک اضافی کوشش کی ضرورت ہوگی۔لیکن اہم نکتہ یہ ہے کہ کیا واقعی انتخابات مقررہ مدت کے اندر ہوں گے یا ہم ایک طویل مدت کے لیے نگران سیٹ اپ دیکھنے جا رہے ہیں۔ یہ سب اس بات پر منحصر ہوگا کہ اگلے چند ہفتوں میں صورت حال کس طرف جاتی ہے۔ عمران خان کی نااہلی قریب نظر آتی ہے لیکن ایک اہم سوال یہ ہے کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اس کے سیاسی نتائج سے کیسے نمٹیں گے۔
زاہد حسین کے مطابق حکومت عمران خان سے مذاکرات سے انکاری ہے بلاشبہ ان حالات کی ایک بڑی وجہ پی ٹی آئی کے سربراہ کا رویہ رہا ہے لیکن اب حکومت نے بھی سیاسی مذاکرات پر اپنی پوزیشن سخت کرلی ہے۔ ان حالات میں شفاف اور آزاد الیکشن کروانا ایک چیلنج بن چکا ہے۔ لیکن انتخابات میں تاخیر مسئلے کا حل نہیں ہے۔ موجودہ حکومت کی مدت میں توسیع یا کوئی طویل مدتی غیر نمائندہ نگران سیٹ اپ لانے سے آئینی بحران کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ بلاشبہ سخت ترین حالات میں بھی سیاسی بات چیت کے دروازے
کیا قومی اسمبلی کے انتخابات ایک سال بعد ہونگے؟
بند نہیں کرنے چاہئیں۔
