چیئرمین پی سی بی کو بھارت میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کا دعوت نامہ موصول

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو بھارت میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ اور آئی پی ایل فائنل کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کےمطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے اجلاس رواں ماہ میں 2 مرحلوں میں ہوں گے۔
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جب کہ بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگی۔ اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں تبدیلیوں پر تبادلۂ خیال کیا جائےگا۔موجودہ فارمیٹ میں ہر سیریز میں کم از کم 2 ٹیسٹ میچز کھیلنا لازمی ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں زمبابوے،آئر لینڈ اور افغانستان کو شامل کیے جانے پر غور کیاجائے گا۔
بورڈ میٹنگ میں پی سی بی کے چئیرمین محسن نقوی نے شرکت کرنا ہےجنہیں آئی سی سی بورڈ میٹنگ اور آئی پی ایل فائنل کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے،تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے بھارت جانے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
